ڈارون ( ڈارون ) پاکستان شاہینز نے اپنے ڈارون ٹور کے وائٹ بال مرحلے کے پہلے ون ڈے میں این ٹی اسٹرائیک کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اس میچ کی نمایاں بات جہانداد خان کی کریئر بیسٹ بولنگ اور مبصرخان کی آل راؤنڈ کارکردگی تھی۔
اتوار کو کھیلے گئے اس میچ میں این ٹی اسٹرائیک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پاکستان شاہینز کے بولرز کی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں میزبان ٹیم46.1 اوورز میں 142رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان شاہینز نے مطلوبہ اسکور 35.1 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
پاکستان شاہینز کے بولرز میں جہانداد خان اور مبصر خان نمایاں رہے۔
جہانداد خان نے26 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جو ان کی ون ڈے میں بہترین بولنگ ہے۔ اس سے قبل ان کی بہترین بولنگ 39 رنز کے عوض 3 وکٹیں گزشتہ سیزن میں اپنے ڈیبیو میچ میں راولپنڈی کی طرف سے فاٹا کے خلاف تھی۔
مبصرخان نے18 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میزبان ٹیم کی طرف سے جگدیسورا نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے59 رنز اسکور کیے۔
پاکستان شاہینز کو ابتدا میں حسیب اللہ کا نقصان اٹھانا پڑا جو 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد صاحبزادہ فرحان اور عثمان خان نے دوسری وکٹ کے لیے 52 رنز کا اضافہ کیا لیکن میٹ ہیمنڈ نے اپنے ایک ہی اوور میں عثمان خان اور کپتان محمد حارث کو آؤٹ کردیا۔
عثمان خان نے20 رنز بنائے جبکہ محمد حارث کوئی رن نہ بناسکے۔
پاکستان شاہینز کی مشکلات اسوقت بڑھ گئیں جب صاحبزادہ فرحان چار چوکوں کی مدد سے30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
60 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد مبصرخان اور عرفان خان نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 34 رنز کا اضافہ کیا۔عرفان خان 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
مبصرخان اور عرفات منہاس نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 31 رنز کا اضافہ کیا۔ عرفات منہاس 18بناکر آؤٹ ہوئے۔
مبصرخان نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 3چوکوں کی مدد سے 32 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
جہانداد خان 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان شاہینز دورے کا دوسرا ون ڈے میچ منگل کو بنگلہ دیش اے کے خلاف کھیلے گی۔
مختصر اسکور۔
این ٹی اسٹرائیک 142 ( 46.1 اوورز ) جگدیسورا 59 جہانداد خان 26 / 4 وکٹ ۔ مبصر خان 18 / 3 وکٹ ۔
پاکستان شاہینز 143 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ ۔( 35.1 اوورز ) ۔ مبصرخان 32 ناٹ آؤٹ صاحبزادہ فرحان 30۔ میٹ ہیمنڈ 29 / 2 وکٹ۔
نتیجہ ۔ پاکستان شاہینز نے 4 وکٹوں سے جیتا۔