لاہور (جاہنزیب):
پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تین ملکی کرکٹ سیریز کا آغاز آج شارجہ میں ہورہا ہے۔
گزشتہ ناخوشگوار واقعات کے پیشِ نظر شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم انتظامیہ نے پاکستان اور افغانستان کے شائقین کے لیے علیحدہ انکلوژرز، پویلینز اور داخلے کے راستے مختص کر دیے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے شائقین کو الگ الگ رنگ کے ٹکٹس جاری کیے گئے ہیں۔ افغان شائقین کو نیلے رنگ جبکہ پاکستانی شائقین کو سبز رنگ کے ٹکٹس دیے جا رہے ہیں۔
سیریز کا پہلا میچ آج رات 8 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق) پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا، جس میں شائقین کو سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔
ادھر افغان کپتان راشد خان نے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ شارجہ میں ہونے والے میچز کے دوران 2022 کی ناخوشگوار صورتحال کو ہرگز نہ دہرایا جائے اور کھیل کو صرف کھیل کی حد تک رکھا جائے۔