نیویارک میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے تاریخی میچ سے پاکستانی کمیونٹی کی لاتعلقی نے سب کو حیران کر دیا ۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پاکستان بمقابلہ بھارت کے میچ کیلئے نساؤ سٹیڈیم نیویارک تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا ۔ 34 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے شاندار اور اپنی طرز کے خوبصورت سٹیڈیم میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی مگر حیران کن حد تک تماشائیوں میں غالب اکثریت بھارتی شہریوں کی تھی جو اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے نیویارک سمیت امریکا کے دیگر شیروں اور ریاستوں سے آئے ہوئے تھے ۔ تماشائیوں میں پاکستانیوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی اس لئے نظر یا کیمرا جس طرف بھی جاتا وہاں نیلا رنگ ہی نظر آتا ۔ کئی مواقع پر پاکستانی کمنٹیٹر وسیم اکرم اور وقار یونس بھی اس بات کا اظہار کرتے رہے کہ پاکستانی تماشائی نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ سوال یہ ہے کہ پاکستانی تماشائیوں نے خود کو اتنے اہم میچ سے دور کیوں رکھا اور ٹیم کو سپورٹ کرنے سٹیڈیم کیوں نہیں آئے ؟۔ کیا پاکستانی ٹیم کی مسلسل خراب کارکردگی نے شائقین کو مایوس کر دیا ہے یا کوئی اور وجہ ہے ؟
پاک انڈیا ٹاکرا ۔۔۔ پاکستانی کیوں لاتعلق رہے ؟؟
