لاہور( پی سی بی ) پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے 2024-25 کے ہوم انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کو حتمی شکل دینا اور اس کا اعلان کرنا انتہائی اہم تھا۔ یہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ مردوں کی کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ اور پی سی بی ایونٹ اسٹاف کے پاس ان سیریز کی تیاری، منصوبہ بندی اور ہماری بہت زیادہ توقعات اور معیار پر پورا اترنے کے لیے کافی وقت ہے جس سے پاکستان کے ایک بہترین کرکٹ قوم اور پی سی بی کے ایک مکمل پیشہ ور ادارے کی مکمل عکاسی ہوتی ہے۔
محسن نقوی نے کہا "ہوم انٹرنیشنل میچوں کے مکمل شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے ہم اپنے پرجوش مقامی اور سفر کرنے والے کرکٹ کے شائقین کو ان کی تعطیلات کی منصوبہ بندی کے لیے مدعو اور حوصلہ افزائی بھی کر رہے ہیں۔ وہ نہ صرف دلچسپ کرکٹ سے محظوظ ہوں گے بلکہ انہیں اس خوبصورت ملک کی سیر کرنے کا موقع بھی ملے گا جس کے پاس پیش کرنے کے لیے بہت کچھ ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے ” آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 سے قبل پانچ کرکٹ کھیلنے والے اہم ممالک کی ٹیموں کے دورے جس کے بعد چیمپئنز ٹرافی میں سات ممالک کی شرکت یعنی ان آٹھ ماہ میں بارہ ٹیموں کی میزبانی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی اہمیت اور قد کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ ہم ان ٹیموں اور کھلاڑیوں کی شرکت کو دل کی گہرائیوں سے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جو ہمارے میدانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور مسابقتی جذبہ لائے گی۔ یہ میچ صرف کھیلوں کے مقابلے نہیں ہیں، یہ ہماری قوم کی کھیل سے ہماری محبت او ہمارے عزم کا ثبوت ہیں۔ پاکستان کرکٹ برادری کا ایک اہم رکن ہے اور کھیل کے فروغ اور ترقی میں آئی سی سی اور اس کے تمام اراکین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پی سی بی اور پاکستانی کرکٹ شائقین کی جانب سے، میں اگلے آٹھ مہینوں میں تمام شرکاء کا خیرمقدم کرنے کا منتظر ہوں۔
آئندہ انٹرنیشنل سیزن بڑ اہم ہے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی
