پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نو منتخب کانگریس نے لاہور میں منعقدہ کانگریس کے غیر معمولی اجلاس میں فیفا کی مجوزہ آئینی ترامیم کو بھاری اکثریت سے تسلیم کر لیا۔
ذرائع کے مطابق کانگریس ارکان نے پاکستان فٹبال کے بہترین مفاد میں فیفا کی تجویز کردہ ترامیم کی توثیق کی، جس سے فیفا کی معطلی کے متوقع خاتمے کے بعد اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز میں قومی ٹیم کی شرکت کی راہ ہموار ہوگی۔
اجلاس کی صدارت پی ایف ایف کے صدر اور نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین سعود عظیم ہاشمی نے کی، اس موقع پر این سی ممبران محمد شاہد نیاز کھوکھر اور حارث عظمت بھی موجود تھے۔
اے ایف سی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری واحد کاردانی نے پاکستان فٹبال میں ضروری اصلاحات لانے پر کانگریس ارکان کے ارادے کو سراہا۔
واحد کاردانی نے اس عمل کو آسان بنانے میں نارملائزیشن کمیٹی کی کوششوں کو بھی سراہا۔
فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے اعلیٰ سطح وفد میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری اے ایف سی واحد کاردانی، فیفا ایم اے گورننس کے سربراہ رالف ٹینر، اے ایف سی ساؤتھ ایشیا یونٹ کے سربراہ پرشوتم کیٹل، اے ایف سی ساؤتھ ایشیا یونٹ کے سینئر منیجر سونم جگمی اور منیجر دنیش ڈی سلوا اجلاس میں شامل تھے