لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹیم کی خراب کارکردگی کا ذمہ دار کپتان بابر اعظم اور ٹیم مینجمنٹ کو قرار دیتے ہوئے ورلڈ کپ کے بعد بڑے انکشاف کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان و چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں ٹیم کی کارکردگی، سلیکشن، مینجمنٹ کے فیصلوں پر گفتگو کی۔ شاہد آفریدی نے کہاکہ کپتان نے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا پے۔ ٹیم کے اندر اختلافات ہونے اور اتحاد نہ ہونے کے سوال پر سابق کپتان نے کہا کہ کیا کیا چل رہا ہے کیا ہو رہا ہے یہ پینل میں بیٹھے محمد وسیم کو پتا ہے، محمد وسیم کو بہترین انداز میں کام کیا ہے انہیں بہت سی چیزیں معلوم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بھی بہت کچھ معلوم ہے لیکن ابھی کھل کر بول نہیں سکتا ۔ مگر ورلڈ کپ بتائوں گا کہ ٹیم کے اندر کیا چلتا رہا ۔ سابق کپتان نے کہا کہ ٹیم کو متحد رکھنے کی سب سے بڑی ذمہ داری کپتان کی ہوتی ہے ۔ کوچز، ٹیم مینجمنٹ سے پہلے کپتان ہی ٹیم کو متحد کرتا ہے اسکے پاس اختیار ہوتا ہے جبکہ اسے سلیکشن کمیٹی سپورٹ کرتی ہے، میدان پر ٹیم لڑانے کا کام کپتان کا ہے۔
ایک اور سوال کا انتہائی محتاط ہوکر جواب دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ “شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ میرا رشتہ کسی اور قسم کا ہے، اس لئے اگر میں کوئی بات کروں گا تو لوگ یہی کہیں گے کہ اپنے داماد کو سپورٹ کررہا ہوں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ رشتہ داری کی بنیاد پر صحیح یا غلط کا فیصلہ نہیں کرتے وہ ایسے نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر میری بیٹی، بیٹا یا داماد غلط ہیں تو میں ان کو غلط ہی کہوں گا” ۔ ٹیم کی سلیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے اعلان کیا کہ مئینجمنٹ، بورڈ اور سلیکشن کمیٹی کے متعلق عید کے بعد انکشافات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصے میں ہماری سلیکشن کمیٹی اور بورڈ نے بڑی بڑی غلطیاں کی ہیں، ورلڈکپ کے بعد کھل کر بات کروں گا، ہمارے لوگوں نے خود اسی یونٹ کو خراب کیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان۔ کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے امریکا میں موجود ہے جہاں آج شام بھارت کے خلاف پہلا میچ کھیلنے جا رہی ہے۔ یہ میچ ورلڈ کا سب سے ہائی وولٹیج میچ ہے۔ اس لئے سب کی نظریں ٹیم کی کارکردگی پر ہیں۔ پاکستانی ٹیم کو بڑا دھچکا ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں امریکا سے سپر اوور شکست کھا کر ملا۔ امریکا کے خلاف میچ میں نہ پاکستان کی بلے باز چلے نہ بولرز نے کارکردگی دکھائی نہ ہی فیلڈنگ کا معیار اچھا تھا ۔ اسی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی، سلیکشن، کرکٹ بورڈ مسلسل تنقید کی زد میں ہے ۔ یہاں تک کہ سوشل میڈیا میں ٹیم کے متعلق ناقابل بیان باتیں کی جا رہی ہیں۔ اب سابق کپتان و چیف سلیکٹر شاہد آفریدی بھی میدان میں آگئے اور انہوں نے ورلڈ کپ کے بعد کچا چٹھا کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔